|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2018

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو نے سابق اے آئی جی پولیس عبدالقدیر بھٹی ، کیسکو کے سا بق چیف ایگزیکٹیو آفیسر رحمت اللہ بلوچ سمیت پانچ کیسکو آفیسران کے خلاف بد عنوانی کی تحقیقات کی منظوری دیدی۔

نیب ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کی زیر صدارت نیب کا ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق اے آئی جی بلوچستان عبدالقدیر بھٹی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ملزم پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔

اجلاس میں سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسررحمت اللہ بلوچ ،کیسکو کے منیجر آپریشن سینٹر ل سرکل باز محمد ،ڈپٹی منیجر ظہور احمدمری ،ڈپٹی منیجر ایم اینڈ ٹی ایون داس ،اسسٹنٹ منیجر قاضی امان اللہ اور میسرز الناصر ا گریکلچر فاؤنڈری ورکس کے حکام کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے کیسکو کے سپیزنڈ ڈویژن سے نجی کمپنی میسرز الناصر ا گریکلچر فاؤنڈری ورکس کو غیر قانونی طریقے سے مقررہ قیمت سے ارزاں نرخ پر بجلی فراہم کی ۔

بجلی چوری کے اس کیس میں قومی خزانے کودو کروڑ96لاکھ12ہزار روپے کا نقصان پہنچا۔یاد رہے کہ پیپکو کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس معاملے پر ایک کمیٹی بناکر تحقیقات کی تھی جس میں نشاندہی کے بعد فروری میں کیس کی تحقیقات نیب کے سپرد کردی گئی تھی۔

علاوہ نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں سابق ڈسٹرکٹ ناظم سبی میر علی مردان خان ڈومکی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے تعلق انکوائری ناکافی شواہد کی بناء پر ختم کرنے کی منظوری دی گئی ۔