|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2018

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ممبر سازی مہم کیلئے ایک روزہ دورہ پر آج کوئٹہ پہنچیں گے۔

پی ٹی آئی سربراہ عالمو چوک، جناح روڈ اور شہباز ٹاؤن پر ممبرسازی کیمپوں کا دورہ کرینگے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان آج دوپہر کو کوئٹہ پہنچیں گے۔ ایئر پورٹ پر پارٹی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند اور دیگر پارٹی عہدیداران استقبال کرینگے۔

عمران خان طوفانی دورے کے دوران بالترتیب عالمو چوک ،شہباز ٹاؤن اورجناح روڈ پر ڈولفن بیکرز کے قریب ممبرسازی کا افتتاح کرینگے ۔

اس موقع پر پارٹی کارکنوں اور عوام سے خطاب کرینگے۔اس کے بعد ایئر پورٹ روڈ چلتن ہاؤسنگ اسکیم میں پی ٹی آئی بلوچستان کے عہدیداروں سے ملاقات اور خطاب کرینگے۔

دورہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، سرفراز بگٹی اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ عمران خان کے دورے کے موقع پر کوئٹہ میں سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر پانچ ہزار سے زائد پولیس ، بلوچستان کانسٹیبلری، آر آر جی اور اے ٹی ایف اہلکار فرائض سرانجام دینگے ۔ شہر میں پولیس اور ایف سی کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

ایئر پورٹ روڈ، عالمو چوک، شہباز ٹاؤن، جناح روڈ اور اطراف کے علاقوں میں سادہ کپڑوں میں بھی اہلکار فرائض سرانجام دینگے۔