کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت کراچی سے کلین سوئپ کرے گی اور بلوچستان میں بھی سرپرائز دیں گے۔
کراچی میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پی ایس پی سندھ سے انتخابات میں حصہ لے گی اور کراچی سے کلین سوئپ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جیسے پہلے کراچی شہر کو بنایا تھا ایک بار پھر بنائیں گے اور وہاں چند نشستوں پر پیپلز پارٹی سے ہمارا مقابلہ ہوگا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ دو پیسوں والی جماعتوں سے ہے، جس پیسے سے شہریوں کو پانی دینا تھا اور کچرا اٹھانا تھا اس سے الیکشن مہم چلائی جا رہی ہے۔
سربراہ پی ایس پی نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابات میں ان کی جیت سے سب کو فائدہ ہوگا۔
حلقہ بندیوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پہلے مردم شماری میں دھاندلی ہوئی جس کے بعد صوبائی حکومت نے حلقہ بندیوں میں دھاندلی کی۔
مصفطیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں ملیر کے ایک علاقے میں قومی اسمبلی کا ایک حلقہ 2 لاکھ 35 ہزار ووٹوں پر بنایا گیا اور ساؤتھ میں 4 لاکھ 10 ہزار ووٹوں سے ایک حلقہ بنایا گیا، جو انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔