اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں سیلفی لیتے ہوئے نوجوان لوئر باری دو آب نہر میں جا گرا۔
دنیا بھر کے نوجوان لڑکے لڑکیوں میں سیلفی کا شوق جنون کی حد تک پہنچ کر انتہائی خوفناک اور خطرناک صورتحال اختیار کرچکا ہے اور اس سیلفی کے شوق میں اب تک کئی افراد کی جان جاچکی ہے۔ سیلفی کے جنون میں مبتلا نوجوان اپنی جان کی پروا کیے بغیر خطرناک طریقوں یا پھر خوفناک مقامات پر کھڑے ہو کر سیلفی بنانے کو اپنا کارنامہ سمجھتے ہیں اور پھر جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ اوکاڑہ میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان لوئر باری دو آب نہر کے قریب سیلفی بنانے لگا اس کا دوست اسے اس طرح سلیفی بنانے کے لیے منع کرتا رہا لیکن اس نے ایک نہ سنی اور سیلفی لیتے ہوئے اپنا توازن کھو بیٹھا اور نہرمیں گرگیا۔
واقعہ کے فوری بعد امدادی اداروں کو اطلاع دی گئی جو موقع پر پہنچے اور نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا تاہم فوری طور پر نوجوان کی لاش نہ ملی سکی۔