سینٹ پیٹرزبرگ: نائیجیریا سے اہم ترین میچ کے دوران وی آئی پی باکس میں موجود سابق سپر اسٹار فٹبالر ڈیگو میرا ڈونا کی جذباتی اداکاری بھی عروج پر رہی۔
مقابلے کے دوران ہونے والا اتار چڑھاؤ ان پر بہت زیادہ اثر انداز ہوا، ایک موقع پر وہ تیزی سے سامنے آئے اور دونوں ہاتھوں کی درمیانی انگلیاں اٹھاکر نامناسب اشارہ کیا اور ساتھ میں گالیاں بھی دیں، ایک اور موقع پر وہ اتنے جذباتی ہوئے کہ دوڑتے ہوئے پھر کنارے پر پہنچ گئے مگر 2 افراد نے ان کو مضبوطی سے تھامے رکھا، جس کے بعد ان کو دوبارہ نشست پر بٹھایا گیا۔
بعد ازاں انھوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پیغام میں کہا کہ میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، مجھے اسپتال میں داخل نہیں کیا گیا، مجھے ایک ڈاکٹر نے ہاف ٹائم پرچلے جانے کو کہا کیونکہ میری گردن میں درد ہو رہا تھا مگر میں کیسے مقابلہ چھوڑ کر جا سکتا تھا۔