کوئٹہ; بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 29سے امیدوار سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں کرپٹ ،کرپشن میں ملوث عناصر کو مسترد کرکے مخلص اورایماندار افراد کو کامیاب بنائیں ۔
جو ایوانوں میں جاکر عوام کے مسائل کے حل کیلئے موثر انداز میںآواز بلند کرسکے اگر عوام نے بی اے پی کو موقع دیا تو پارٹی عوام کو ہرگز مایوس نہیں کریگی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کلی شابو میں منعقدہ کارنر میٹنگ اورانتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
سعید احمد ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کا دارلخلافہ ہونے کے باوجود کوئٹہ کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں برسراقتدار آنے والے حکمرانوں نے عوام کی خدمت کی بجائے صرف اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلند و بانگ دعوے کرنے کی بجائے عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے ہم عوام سے انتخابات کے دوران وہ وعدے نہیں کریں گے جنہیں پورا نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے ساڑھے چار سال دور حکومت میں صوبے کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز ہڑپ کرلئے کوئٹہ آج کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 25جولائی کا دن ان کرپٖٹ ا ور بدعنوان عناصر کے احتساب کا دن ہے عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے ان عناصر کو مسترد کرکے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان ’’گائے ‘‘ پر مہر لگائیں انشاء اللہ ہم برسراقتدار عوام کو تعلیم ،صحت ،روزگار،ٖپینے کے صاف پانی سمیت دیگر تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائیں گے اس موقع پر علاقے کے معتبرین نے سعید احمدہاشمی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
عوام انتخابات میں کرپٹ افراد کو مسترد کردینگے ، سعید ہاشمی
وقتِ اشاعت : July 7 – 2018