|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2018

پشاور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔

پشاور میں اے این پی کے شہید رہنما ہارون بلور کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر لاہورمیں عوام کا سمندر امڈ آیا تھا  جو اپنے قائد سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہزاروں کارکنان نواز شریف کےاستقبال کے لیے نکلے لیکن ایک گملا نہیں ٹوٹا، ٹرک کی لائٹ کو خراش تک نہیں آئی لیکن پھر بھی ہمارے سیکڑوں کارکنوں کوگرفتارکرلیا گیا، اور یہ سب پی ٹی آئی کی ایما پر ہوا کیوں کہ پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے دونوں ہی (ن) لیگ کے سیاسی حریف بنے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کے احکامات کو بجا لاتے ہوئے ہی نگران پنجاب حکومت نے ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درجنوں مقدمات درج کئے، پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کو سپورٹ کررہی ہے اورالیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، خط لکھنے پر کاغذائی کارروائی ہوتی ہے، دوسری جانب نیب صرف اور صرف (ن) لیگ کو دیوار سے لگانےکے لیے کارروائیاں کررہا ہے۔