|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2018

لاہور: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مبینہ فراڈ سے متاثرہ افراد زمان پارک پہنچ گئے اور وزیراعظم عمران خان سے انصاف کی اپیل کی۔

زمان پارک لاہور میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فراڈ سے متاثرہ افراد وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئے اور شدید احتجاج کیا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کی جانب سے 10 ہزار افراد کے ساتھ فراڈ کیا گیا، وزیراعظم ہمیں انصاف دلائیں۔

احتجاجی مظاہرین نےعمران خان کی رہائشگاہ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں نے انہیں روک دیا، جس پر مظاہرین اور پولیس کے مابین تلخ کلامی ہوئی جو بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔ مظاہرین نے انصاف ملنے تک زمان پارک سے نہ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کینال روڈ پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔