|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2013

igکو ئٹہ( آئی این پی ) بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقے آواران میں نامعلوم افراد نے جوڈیشل کمپلیکس وزیراعلیٰ ریسٹ ہاؤس پر 2 راکٹ فائر کئے جو ویرانے میں گر کر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اب تک سرکاری املاک اور سیکورٹی اہلکاروں پر راکٹ اور فائرنگ کے 6 واقعات رونما ہوئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم افراد کی جانب سے راکٹ کے دو گولے نامعلوم مقام سے فائر کئے گئے جن میں سے ایک گولہ آواران ریسٹ ہاؤس جبکہ دوسرا گولہ فرنٹیئر کور کے کیمپ کے قریب کھلے میدانوں میں گر کر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ راکٹ جہاں گرے وہاں سرکاری ریسٹ ہاؤس بھی ہے جہاں وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کی ٹیم گزشتہ 3 دنوں سے صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لئے ٹھہرے ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ آواران اور مشکے میں زلزلہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں ، امدادی ٹیموں اور سرکاری عمارتوں پر فائرنگ اور راکٹ عملوں کے 6 واقعات رونما ہوئے ہیں 2مرتبہ ہیلی کاپٹروں پر فائرنگ اور راکٹ بھاری کی گئی جبکہ 4 مرتبہ امدادی ٹیموں پر حملہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے تمام واقعات میں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا ۔