|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2014

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ نون کے لائر زون کے ایڈوکیٹ سید وقار شاہ ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے مسلم لیگ نون کے لائر ویگ کے نائب صدر سید وقار شاہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹس کے مطابق مقتول کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر بڑی تعداد میں ان کے رشتے دار، وکلاء اور ن لیگ کے رہنما پہنچ گئے۔ دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے گلشن اقبال میں وکیل وقار شاہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، جبکہ وکلاء تنظیموں نے احتجاجاً عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کردیا۔ کراچی آپریشن: اس سے قبل کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے چار کلاشنکوف، نو ٹی ٹی پستول اور چار دستی بم بھی بر آمد ہوئے۔ سی آئی ڈی پولیس کی جانب سے یہ کارروائی سہراب گوٹھ کے علاقے الصدف سوسائٹی میں کی گئی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ خیال رہے کہ کراچی شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن گزشتہ سال ستمبر میں وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد شروع ہوا تھا۔