|

وقتِ اشاعت :   July 31 – 2014

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے اپر دیر میں افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ عسکری حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے آنے والے 70 سے 80 دہشت گردوں نے اپر دیر میں ترپامان اور انکلسار کے درمیانی علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا۔ حملے کے وقت سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے نہایت جرات مندی اور بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے 7 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کردیا جب کہ باقی دہشت گرد واپس افغانستان فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ افغان دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹوں پر یہ پہلا حملہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی متعدد بار عسکریت پسندوں کی جانب سے پاک افغان سرحد پر قائم پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جس پر پاکستان نے افغانستان سے بھرپور احتجاج بھی کیا لیکن اس کے باجود افغان فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔