|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کے تحت کسان اور مزدوروں کی نشستوں پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ۔ جس کے بعد ایک سال سے تعطل کا شکار بلدیاتی انتخابات کے مراحل مکمل ہونے کی راہ ہموار پیدا ہوگئی۔ صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید نے بتایا کہ 28نومبر 2014ء کو ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی سے متعلق پبلک نوٹس لگایا جائیگا امیدوار کاغذات نامزدگی 08اور09دسمبر کو متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرسکیں گے۔ ریٹرنگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگیوں پر اعتراضات 11دسمبر کو داخل کرائے جاسکیں گے کاغذات نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 12اور 13دسمبر کو ہوگی ۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگیوں کو منظور/ نامنظور کئے جانے کیخلاف اپیلیں 15دسمبر کو کی جاسکیں گی ۔ اپیلوں پر فیصلہ 16اور 17دسمبر کو کیا جائیگا۔ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 18 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست اور امیدواروں کو انتخابی نشانات 19 دسمبر کو الاٹ کئے جائینگے جبکہ پولنگ 31دسمبر کو ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے حتمی نتیجہ کا اعلان 02جنوری 2015ء کو کیا جائیگا۔صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید نے بتایا کہ جن امیدواروں نے پہلے کاغذات نامزدگی کسان اور ورکرز کی نشستوں پر جمع کرائے تھے ان کو دوبارہ فیس جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے وہ نئے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت مذکورہ سیٹوں پر جمع کی گئی فیس کی پرانی رسید ساتھ لگا دیں۔