|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2015

کوئٹہ:  میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ہدف بناکر ہزارہ قبیلے کے دو افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کردیاگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے مکران روڈ پر پیش آیا جہاں ہزارہ قبیلے کے تین افراد کوئٹہ سے تفتان جانے کیلئے ایک نجی بس کے ٹرمینل پہنچے تھے ۔اس دوران تھاک میں کھڑے موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد اسد اللہ ولد محمد حسین ہزارہ اورمرزا حسین ولد خان محمد ہزارہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا ساتھی محمد طاہر ولد محمد علی ہزارہ شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لاشوں اور زخمی کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخمی محمد طاہر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹر کے مطابق سر میں گولیاں لگنے کے باعث زخمی کی حالت خطرے میں ہے۔ پولیس کے مطابق نشانہ بننے والے تینوں افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے اور کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن اور علی آباد برور ی روڈ سے ہے جو پولیس کو اطلاع دیئے بغیر تفتان جارہے تھے۔ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔