|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2017

اسلام آباد:جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید سمیت 5 افراد کو 6 ماہ کے لیے نظر بند کردیا گیا جب کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو 6 ماہ تک زیرمشاہدہ بھی رکھا جائے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کو فورتھ شیڈیول میں شامل کرتے ہوئے 6 ماہ کے لیے گھر میں نظر بند کردیا، حافظ سعید کو جامعہ قادسیہ چوبرجی میں نظربند کیا گیا ہے جب کہ ان کی جماعت اور فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو بھی 6 ماہ تک زیرمشاہدہ رکھا جائے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے حافظ سعید سمیت 5 افراد کو نظر بند کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جارکردیا ہے جس کے مطابق عبداللہ عبید، ظفراقبال، عبدالرحمان عابد اور قاضی کاشف نیاز کو شیڈول 2 کے تحت نظر بند کیا گیا ہے جب کہ بند کیے گئے تمام افراد کی نقل و حمل پر بھی پابندی رہے گی۔ذرائع کے مطابق حافظ سعید کو نظربندی کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا اور صرف زبانی نظر بندی کی اطلاع دے دی گئی ہے جب کہ بعض اعلیٰ حکام کی طرف سے حافظ سعید سے رابطہ کیا گیا۔واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے 4 روز قبل پانچوں افراد کے نام واچ لسٹ میں ڈال دیے تھے اور پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی جماعت الدعو? کے خلاف کارروائی کا کہا تھا،دریں اثناء امریکہ کی جانب سے جماعۃ الدعوۃ پر پابندی کے مطالبے کے خلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعۃ الدعوۃ محب وطن جماعت ہے جو پاکستان کے آئین و قانون کی پاسداری کر رہی ہے،امریکی ڈکٹیشن پراور بھارت کو خوش کرنے کے لیئے حکومت کو جماعۃ الدعوۃ پر پابندی نہیں لگانی چاہئے۔ہم امریکی مطالبے کو مسترد کرتے ہیں اور اگر حکومت نے کوئی غلط فیصلہ کیا تو اسمبلی کی فلو ر سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور دفاع پاکستان کونسل،ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔کشمیریوں کی حمایت کرنے اور ان کی آزادی کی تحریک کو پاکستان میں مضبوط کرناحکمرانوں کو بھی پسند نہیں کیونکہ وہ بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانا چاہتے ہیں۔پاکستانی قوم پابندی کو تسلیم نہیں کرے گی۔حکمران پاکستانی ہونے کے ناطے پاکستان کے حق میں فیصلے کریں۔چین بھارت کو جواب دے سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟۔ پیر کوان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق ،دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق ،جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر،مسلم لیگ(ق) کے سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر ،ہدیۃ الھادی پاکستان کے سربراہ پیر سید ہارون علی گیلانی ،رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔