|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2017

 کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کردی ہے جب کہ کانفرنس کی نئی تاریخ کااعلان بعد میں کیا جائےگا۔

ایم کیو ایم (پاکستان) نے گزشتہ روزکراچی میں  سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی تاہم آج متعدد سیاسی جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی جن میں پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ(فنکشنل)، اے این پی، مسلم لیگ (ق) سمیت جے یو آئی (ف) شامل ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے والی جماعتوں کا کہنا تھاایم کیو ایم پاکستان نے کانفرنس کے حوالے سے کسی قسم کے ایجنڈا کا ذکر نہیں کیا اسی وجہ سے وہ کانفرنس میں شریک نہیں ہورہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی اتحاد کی کوششوں کی سراہنا ہوگا اور اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

سیاسی جماعتوں کے بائیکاٹ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے کانفرنس کا انعقاد ایک بڑے مقصد کے لیے کیا تھا، اس کے لیے ہم نے تمام سیاسی جماعتوں سے شرکت کے لیے رابطہ  کیا، ہم نے اس کانفرنس کے لیے بہت محنت کی لیکن آج اس کانفرنس کو پریس کانفرنس میں تبدیل کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے کل رات تک کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی تاہم آج صبح بڑی سیاسی جماعتوں نےاچانک بائیکاٹ کا اعلان کیا، ان جماعتوں کے بائیکاٹ کا ہمیں علم نہیں تھا، ہمیں میڈیا کے ذریعے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کاعلم ہوا، ہمیں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر افسوس ہوا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ہم پاک سرزمین پارٹی، ایم کیو ایم حقیقی، مہاجر رابطہ کونسل، جے یو آئی (س)، اے پی ایم ایل اور دیگر جماعتوں اور شخصیات کا کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت کئی جماعتوں کی سینئیر قیادت نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اچانک ان کی جانب سے انکار کردیا گیا جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے، اس میں شرکت نہ کرنا ان جماعتوں کا حق ہے لیکن ہم اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔