|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2017

خضدار : صوبائی وزیر زراعت و خزانہ سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ سی پیک وہ واحد منصوبہ ہے جس کے پیچھے بلوچستان کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے ،سی پیک کا ایک اہم حصہ خضدار سے ہو کر گزرتی ہے جس سے یہاں مزید ترقی کے دروازے کھل جائیں گے اور عوام اس اہم منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہونگے ۔

نیشنل پارٹی بلوچستان میں تعلیمی انقلاب ،زرعی انقلاب ،اور ترقیاتی انقلاب کے نعرے کو عملی شکل جامعہ پہنایا ہے ،امن کے بعد درجہ بہ درجہ عوام کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا صوبائی وزیر زراعت نے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی زمینی حقائق کی بنیاد پر عوام کی خوشحالی کی جدو جہد کر رہی ہے ہم نے کبھی عوام کو خوشنماء نعروں کے زریعے اندھیروں کی کھائی میں نہیں دھکیلا اور نہ ہی ہم نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے ۔

انتخابات کے وقت بلوچستان باالخصوص خضدار کے عوام سے جو وعدے کئے انہیں ایک ایک کر کے پورا کی ،عوام نے جب کلاشنگوف کے مقابلے میں قلم و کتاب کی حمایت کی ، دہشت گردی کے مقابلے میں امن کی راہ کو اپنایا ،عوام جب نمائشی اور حقیقی نمائندوں میں فرق کو محسوس کی تو راستے واضح ہو گئے ترقی آ گئی ،امن قائم ہو گیا،تعلیمی ادارے کھل گئے ،یونیورسٹیاں قائم ہونا شروع ہو گئیں کھیلوں کے میدان آباد ہوگئے ،ہمیں اس سوچ کو تبدیل کرنا ہے جس میں صرف اور صر ف خون کی چھینٹے نظر آتی ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم بڑے دعوے نہیں کرتے ہاں یہ ضرورت کہتے ہیں کہ ہم نے نال ،فیروز آباد ،خضدار کے عوام کے بنیاد ی مسائل کے حل کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ،خضدار میں وومن یونیورسٹی کے کیمپس ،میڈیکل کالج ،خواتین کے لئے پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی منظوری لی اور وومن یونیورسٹی میں کلاسوں کا آغاز ہو چکا ہے ۔

میڈیکل کالج میں بھی جلد کلاسوں کا آغاز ہو گا ،تعلیمی انقلاب کی طرح زرعی انقلاب کو مستحکم بنانے کے لئے ہم نے ضلع خضدار کے مختلف علاقوں میں درجن بھر ڈیمز تعمیر کرنا شروع کی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ان کی تکمیل سے نہ صرف واٹر لیول بہتر ہو گا بلکہ زراعت کے شعبے میں بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے ،جبکہ ضلع کے درجنوں پرائمری سکولوں کو مڈل اور مڈل سکولوں کو ہائی کا درجہ دلوایا تا کہ گاوں گاوں میں تعلیمی ادارے قائم ہوں اور طلباء اپنے علاقوں میں زیور تعلیم سے آراستہ ہوں ۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قومی انتخابات قریب آ رہے ہیں فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے عوام انتخابات میں امن ،تعلیم ،اور قلم کے رکھوالوں کا ساتھ دیں تا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر کو اسی طرح جاری رکھا جا سکے ۔

صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ملک کا وہ واحد منصوبہ ہے جس میں بلوچستان کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے ہم خضدار والے اس حوالے سے خوش قسمت ہیں کہ سی پیک (پاک چین اکنامکس کوریڈور) کا اہم راستہ خضدار سے ہو کر گزرتی ہے جس کی وجہ سے خضدار میں روزگار کے مزید زرائع پیدا ہونگے ،ترقی کا نیا باب کھلے گا ۔