|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2017

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے سوئیزر لینڈ کی زمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے ایماء پر سوئیزر لینڈ کی حکومت جو طرز عمل اپنا رہی ہے وہ قابل قبول نہیں ۔

پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والوں کو اپنا دشمن تصور کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہے جس طرح جنیوا میں آزاد بلوچستان اشتہاری مہم چلائی گئی دراصل وہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے ۔

جن لوگوں کے ایماء پر یہ سازش رچی جارہی ہے انہیں بلوچستان کے عوام مسترد کرچکے ہیں بلوچستان کے عوام محب وطن اور پاکستان سے محبت کرنے والے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بھی بلوچستان کے غیور عوام پاکستان کی ترقی خوشحالی اور یہاں قیام امن کے لئے قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔

سوئس حکومت کو ایسے اقدامات سے باز رہنا چاہئے جس سے بلوچستان اور پاکستان کے عوام کی دل آزاری ہے اور ان تمام سازشوں کے پیچھے ان عناصر کو بھی تنبیہ کرتے ہیں کہ اب پاک سرزمین پر ان کی کوئی جگہ نہیں لہٰذا اپنے ناپاک عزائم کو اور سازشوں تانے بانے بننے کے بجائے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا دیکھیں۔