|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی شدید سردی کی وجہ سے گیس سپلائی کی بندش ایک شدید بحران کی شکل اختیار کرچکی ہے اور پورے شہرمیں گیس نہ ہونے کے برابر ہے جس سے عوام کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔

یہ بات ڈپٹی میر محمد یونس بلوچ نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گیس کی سپلائی کی بندش کی شکایات کے سلسلے میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے وفد کو بتایاکہ اس سے پہلے بھی گیس بندش کے سلسلے میں کافی شکایات موصول ہوچکی ہیں اور اس سلسلے میں 6دسمبر صبح12بجے ایک خصوصی اجلاس طلب کیاگیا ہے تاکہ اس بحران پر جلد سے جلد قابو پایا جاسکے۔ 

انہوں نے کہاکہ کل کے اجلا س میں جنرل منیجر گیس کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیاگیا ہے تاکہ اس سلسلے میں مزید پیشرفت ہوسکے۔ ڈپٹی مےئر نے تمام کونسلروں کو ہدایات کی کہ وہ اجلاس اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور اپنے اپنے علاقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے جنرل منیجر گیس کو تحریری طور پر اپنی شکایات درج کروائیں اور ان کو اپنے مسائل سے آگاہ کریں۔ 

ڈپٹی مےئر نے کہا کہ گیس بندش کا سلسلہ سردیوں کے شروع ہوتے ہی شروع ہوجاتاہے جس سے عوام کافی مشکلات کا شکار رہتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہم عوام کی بنیادی مسائل پر خصوصی توجہ دے کر ان کوحل کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں مختلف علاقوں سے گیس سپلائی بند ہونے کی کافی شکایات موصول ہوئی ہیں اور آج کا خصوصی اجلاس بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔