|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2017

کوئٹہ : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سول و عسکری قیادت کی کوششوں سے بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے ، بلوچستان کا جو حق تھا وہ نہیں ملا ، آنے والے دور میں بلوچستان میں ریلوے کی خصوصی اہمیت ہوگی ۔

یہاں ریلوے کے لئے 2 سو 34 ایکڑ اراضی خریدی گئی ہے اگلے سال گوادر ریلوے ٹریک کا بھی آغاز کردیا جائے گا ، آج سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کا افتتاح کرنے جارہے ہیں جس پر 3 ارب روپے لاگت آئی ہے، سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سینٹ الیکشن سے قبل کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد ہوتا ہے، جمہوریت بچانے کے لئے ہمیں پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی کو ہمارے ضرورت ہوگی۔

زرداری سیانے سیاستدان ہے وہ قادری کو کنٹینر پر چڑھا کر خود سائیڈ پر ہوجائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں جس کا واضح ثبوت سبی ہرنائی ریلوے ٹریک پر کام مکمل ہونا ہے آج جمعرات کو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اس کا افتتاح کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ انگریز دور میں بنائے جانے والے اس ٹریک کو دہشت گردوں نے تباہ کردیا تھا اس ٹریک پر 3ارب روپے لاگت آئی ہے جبکہ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان میں ریلوے ٹریکس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں نہ صرف آج جمعرات کو سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کا افتتاح کیا جائے گا بلکہ آئندہ سال گوادر ریلوے ٹریک پر بھی کام کا آغاز کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو جو حق ملنا چاہیے تھا وہ نہیں ملا ۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کے لئے 234 ایکڑ اراضی خریدی گئی ہے کیونکہ آنے والے دور میں بلوچستان میں ریلوے کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی ۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سول اور عسکری قیادت کی کوششوں سے امن لوٹ آیا ہے ۔ 

نوجوانوں کو بندوق تھمانے والے بیرونی مفاد پر عمل پیرا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا ہے بلکہ ہمارے دور حکومت میں امن کا قیام دہشت گردی کا خاتمہ اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہونے کے لئے بھی زبردست اور بھر پور کام ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاداریاں بدلنے والوں کے پارٹی سے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ ملک میں جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے گی پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ بات چیت بھی رہتی ہے اور اختلافات بھی ۔ طاہر القادری کو ہمارے سیاسی مخالفین استعمال کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی سینٹ کے الیکشن ہوتے ہیں کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد ہوتا ہے ان کا کہنا تھا کہ ظفر اللہ جمالی سمیت وفاداریاں تبدیل کرنے والوں سے ہمیں فرق نہیں پڑتا ۔ جمہوریت بچانے کے لئے پیپلزپارٹی کو ہماری اور ہمیں پیپلزپارٹی کی ضرورت ہے ۔ آصف علی زرداری سیانے سیاستدان ہیں زرداری قادری کو کنٹینر پر چڑھا کر خود سائیڈ پر ہوجائیں گے ۔