|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2018

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی آغا سید لیاقت علی نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ واحد جماعت ہے جو صوبے میں جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی کی جنگ لڑرہی ہے۔ ہم زندہ ضمیر رکھتے ہیں اور دوسروں کے اشارے پر نہیں چلتے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو صوبائی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے بعد اپنی تقریر میں کیا۔

آغا سید لیاقت علی نے کہا کہ پارلیمانی روایت کے مطابق میرعبدالقدوس بزنجو کا کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ جمہوریت اور جمہوری روایات کا حصہ ہیں۔

مجھے فخر ہے کہ میں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کی طرف سے ان کا مقابلہ کیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو اس صوبے میں جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری اقدار کیلئے لڑتی رہتی ہے اور آج اس نے ثابت کردیا کہ ہم دوسروں کے اشارے پرکوئی کام نہیں کرتے۔ ہمارا ضمیر زندہ ہے۔

پشتونخواملی عوامی پارٹی کا ہر ممبر اپنی ضمیر کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں۔ نہ ہم سیف ہاؤس میں ٹھہرتے ہیں اور نہ ہی دوسروں کے اشارے پر چلتے ہیں۔

انہوں نے کہ اکہ ملک میں اس وقت جو روش چل نکلی ہے اور جس کی ابتداء اس بد قسمت کی پارلیمان سے کی گئی ہے۔

جنہوں نے یہ حرکت کی ہے میں ان کو کہتا ہوں کہ اگر واقعی وہ جمہوریت پسند ہیں تو وہ اپنے صوبوں میں اس طرح کی حرکت کرتے۔ میں عبدالقدوس بزنجو کو تہہ دل سے مبارکباد دیتا ہوں۔

ساتھ ہی یہ درخواست کرتا ہوں کہ خدارا اس اسمبلی کواپنا وقت پورا کرنے دیں۔ چونکہ افواہیں یہ ہیں کہ یہ اسمبلی پندرہ بیس دن کی مہمان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پر کچھ بیٹھے ہوئے لوگ کہتے ہیں کہ قوم پرست کرپٹ ہیں اور بک گئے ہیں۔

آج قوم پرستوں میں واحد پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ثابت کردیا کہ ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیتے اور نہ ہم کرپٹ ہیں۔

کرپشن کے شہنشاہ اگر کوئی ہے تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے سولہ سالہ اقتدار میں کرپشن کی ہے۔ آغا لیاقت علی نے ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔