|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے صوبہ بھر میں یوم آزادی کی تیاریوں اورتقریبات کے آغازپرمسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ زندہ قومیں یوم آزادی اسی طرح ملی جوش وجذبے اورشان وشوکت سے مناتی ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ بلوچستان کے غیوراورمحب وطن عوام اپنے ملک پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اورنام نہاد آزادی کے نعرے کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہیں۔

ہم پاکستانی تھے پاکستانی ہیں اورپاکستانی ہی رہے گے کیونکہ پاکستان ہی سے ہماری شناخت ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں پاکستان نصیب ہوا،اس کی حفاظت ،ترقی اورخوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے دنیامیں انہیں قوموں نے ترقی کی منازل طے کیں جو اپنے ملک سے محبت کرتی ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان ہی کی بدولت ہم آزادفضاؤں میں سانس لے رہے ہیں اورہماری اپنی ایک علیحدہ شناخت ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے طول وعرض میں عوام آزادی کاجشن منانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔

گذشتہ برس بھی صوبے میں پچاس سے زائد شہروں اورقصبوں میں یوم آزادی کی تقاریب کا انعقاد کیاگیا جس میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،اس سال بھی ہرشہراورہرقصبہ میں یوم آزادی روایتی جوش وجذبہ سے منایاجائے گا۔

یہ اُن ملک دشمن عناصر کیلئے ایک پیغام ہے جونام نہادآزادی کے نام پر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں،بلوچستان کے عوام ان عناصر کے عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام ڈویژنل کمشنروں اورڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی کی تقاریب کے شایان شان انعقادکو ہرصورت یقینی بنایاجائے اورصوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں مؤثرحفاظتی اقدامات کئے جائیں۔