|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2015

راولپنڈی: کسٹم عدالت نے غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان ملک کی درخواست ضمانت پر سماعت مکمل  کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے خصوصی جج ممتاز چوہدری نے ماڈل ایان ملک کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ماڈل ایان کی جانب سے وکلاء کا پینل اور ان کے والد راجا محمد حفیظ پیش ہوئے، ایان ملک کے وکلاء نے کہا کہ ان کی موکلہ کے خلاف غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کا مقدمہ نہیں بنتا ۔ یہ رقم انہیں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے بھائی خالد ملک نے دی جو زمین فروخت کر کے حاصل کی گئی تھی۔ جوابی دلائل میں وکیل استغاثہ نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی کرنسی کی منتقلی کا باقاعدہ قانون موجود ہے جس کےتحت ہی رقم منتقل ہوسکتی ہے، یہ اسمگلنگ کا کیس ہے کیونکہ ایان علی کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔ سماعت کے دوران ایان ملک کے والد راجا محمد حفیظ نے عدالت سے مقدمے میں فریق بننے کی استدعا کی جسے منظور کرتے ہوئے سمن جاری کردیا گیا۔ راجا حفیظ نے کہا کہ ان کی بیٹی کے خلاف سازش کی گئی ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مقدمے کا فیصلہ تمام شواہد اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے  قانون کے مطابق دیا جائے گا۔ عدالت نےدرخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔