|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2015

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑ ،پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے علمدار روڈمیں سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر اور ہزارہ برادری کے اہم سماجی شخصیت محمد صادق ہزارہ کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ عوام پشتونخوا وطن کے اہم حصہ ہے اور پشتونخوامیپ بلاامتیاز رنگ ونسل فرقہ مذہب عوام کی خدمت پر یقین کررکھتی ہے اور محمد صادق ہزارہ جیسے شخصیت کا پشتونخوامیپ میں شمولیت ایک خوش آئند بات ہے ۔ اس موقع پر محمد صادق ہزارہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت ہی سوچ بجھار کے بعد پشتونخوامیپ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ پشتونخوامیپ نے اپنے کردار اور سیاسی اصولوں سے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار اور عوامی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پشتونخوامیپ کو ہزارہ عوام میں مزید مقبول کرنے کیلئے دن رات کام کرینگے ۔ اجتماع سے پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن رحمت اللہ صابر اور آغا حسن ہزارہ نے بھی خطاب کیا ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ پشتونخوامیپ اپنے عوام کی تائیدوحمایت سے آج اسمبلیوں تک پہنچی ہے اور پارٹی نمائندوں نے جس طرح اسمبلی کے فلور پر اپنے عوام کے حقوق کے لےئے آواز اٹھائی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی پارٹی نے کم وقت میں عوام کے سرومال کے تحفظ کیلئے اہم اقدامات اٹھائیں ہیں اسی طرح تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے مسائل اس وقت حل ہونگے جب ملک کے تمام قوموں کو ان کے تاریخی سرزمین پر مقتدر بنایا جائے ان کے قومی وسائل پر ان کا اختیار ہو اور ہمسایہ ممالک بالخصوص آزاد وجمہوری افغانستان میں مستقل طور پر مداخلت وجارحیت کی پالیسی کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام کے مسائل ومشکلات میں اس لےئے روز افزوں اضافہ ہورہا ہے کہ وفاقی حکومت دفاعی بجٹ میں کمی کرنے کے بجائے اسے مزید بڑھارہی ہے اسی وجہ سے مہنگائی بیروزگاری میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کاشغر کوریڈورمیں اگر بلوچستان ،جنوبی پشتونخوا ،خیبر پشتونخوا کو نظر انداز کیا گیا تو اس سے ہماری بیروزگاری بد حالی میں مزید اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر لازم ہے کہ وفاقی حکومت حیلے بہانوں مفروضوں کے بجائے واضح طور پر گوادر کاشغر کے اصل روٹ یعنی کے گوادر ،تربت ،خضدار ،کوئٹہ ، ژوب ،ڈیرہ اسماعیل خان اور خیبر پشتونخوا کے دیگر علاقوں سے ہوتے ہوئے کاشغر تک کا اعلان کیا جائے ۔کیونکہ اس کوریڈور میں نہ صرف شاہراہیں ہونگی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک ،معاشی زون انرجی کے منصوبے ،فائبر اپٹیکل اور دیگر ضروری منصوبے ہونگے ۔ اور اس سے یہاں کے عوام اور علاقے میں ایک معاشی انقلاب آئیگا ۔انہوں نے کہا کہ روٹ میں تبدیلی سے یہاں ایک ایسا طوفان اٹھے گا جس کو وفاقی حکومت نہیں سنبھال سکے گی ۔ لہٰذا عقل سلیم کا تقاضہ ہے کہ ہمارے عوام کے امنگوں کے مطابق روٹ کا اعلان کیا جائے ۔