|

وقتِ اشاعت :   August 15 – 2015

کوئٹہ: بلوچ نیشنل فرنٹ کی مرکزی کال پر آج 14 اگست کو جشن آزادی پاکستان کے موقع پر بلوچستان بھر میں یومِ سیاہ ، شٹرڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکزو دکانیں بند رہیں، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک ناپید رہی۔ہڑتال کی کال پر گوادر، پسنی، جیونی ، اوڑماڑہ، مند، تمپ، دشت، بلیدہ،تربت، آواران،مشکے، جھاؤ، حب، پنجگور، بالگتر، ہوشاپ،ڈنڈار،خاران،نوشکی، واشک، بسیمہ، قلات ،مستونگ ، سوراب و کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں میں مارکیٹیں بند رہیں۔بی این ایف کے ترجمان نے ہڑتال کی کامیابی پربلوچ عوام کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاستی مشینری پچھلے کئی دنوں سے بلوچ عوام کو دھمکیوں، لالچ اور طاقت کے زور پر 14اگست کو فوجی چھاؤنیوں میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کرنے کے لئے مجبور کررہے تھے۔ خاران، مستونگ، مشکے، آوران، جھاؤ، کیچ، گوادر سمیت بلوچستان کے تمام شہروں میں 14اگست کے تقریبات کی کامیابی کے لئے فوجی نقل حمل میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں پمفلٹ و میڈیا کے ذریعے لوگوں کو 14اگست کی تقریبات میں شرکت کی دھمکی آمیز دعوت ناموں کے باوجود 14 اگست کے دن بلوچستان میں ریاست کے جھنڈے فوجی قافلوں اور فوجی چھاؤنیوں تک ہی محدود رہے۔ ریاست کی بلوچستان میں کے خلاف عوامی رد عمل سے حواس باختہ ہو کر فورسز نے کئی مقامات پر چھاپے مار کر متعدد نہتے لوگوں کو اغواء کر کے اپنی کیمپوں میں منتقل کردیا۔ بی این ایف ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر مالک کی کٹھ پتلی حکومت میڈیا میں فوجی کیمپوں کے اندر ہونے والی تقاریب کو بلوچستان میں ہونے والی تقاریب ظاہر کرکے رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ بلوچ عوام نے آج کے ہڑتال کی کال کو کامیاب کرکے شدت کے ساتھ پاکستان سے اپنی لاتعلقی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان و اس کے گماشتوں کو یہ نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہیے کہ بلوچستان میں جاری تحریک آزادی بلوچ عوام کی تحریک ہے۔ تمام تر ریاستی ظلم و جبر کے باوجود عوامی رد عمل اس بات کی دلیل ہے کہ بلوچستان میں ریاست کے کسی بھی ادارے کو بلوچ عوام اپنی سرزمین پر برداشت نہیں کرسکتے۔ دریں اثناء قلات میں مکمل ہڑتال،کاروباری مراکز بند،ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر،تفصیلات کے مطابق قلات میں چودہ اگست کے دن بلوچ آزادی پسندتنظیموں کی جانب سے دی گئی ہڑتال کے کال پرقلات بازار مکمل بند رہی جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم دیکھنے میں آئی اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات دیکھنے میں آئی تاہم کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا۔دریں اثناء بی این ایف کے مرکزی کال پر پنجگور میں شٹر ڈاون ہڑتال رہی کاروباری مراکز ہوٹل بند رہے۔ تفصیلات کے مطابق بی این ایف اور دیگر قوم پرست جماعتوں کی کال پر 14 اگست کو یوم آزادی کے دن پر پنجگور میں مکمل شٹرڈاون ہرتال رہی کاروباری مراکز ہوٹل مارکیٹیں بند رہے۔بلو چ نیشنل فرنٹ کی کال پر گوادر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی تفصیلات کے مطابق بلوچ نیشنل فرنٹ بی این ایف کی کال پر گوادر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری مراکز بند رہے تاہم شہر میں کسی قسم کی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا ادھر خاران میں بی این ایف کی کال پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی خاران میں بی این ایف کی کال پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی جس میں تمام کاروباری مراکز اور دکانیں مکمل بند رہیں ۔