|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2015

کوئٹہ : مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر چیف آف جھالاوان سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ وطن عزیز اور قوم پر اللہ تعالیٰ کااحسان ہے کہ پاکستان کو اس وقت نڈر قیادت ملی ہے جو ملک کے خلاف ہر سازش کو بے نقاب کررہی ہے۔وزیراعظم پاکستان کے اقدامات لائق تحسین ہیں انہوں نے اقتدار سنبھالتے ہی ہر فورم پر پاکستان کے موقف کوپیش کرنے میں صف اوّل کا کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ روز جان کیری سے ملاقات کرکے جو ثبوت انہیں بھارت کی دراندازی سے متعلق پیش کیاوہ واضح حقیقت پر مبنی ثبوت تھے۔ ان شواہد کے بعد امریکن کی آنکھیں کھل جانی چاہئے ۔بھارت کی جانب سے بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گروں کی مدد واضح جارحیت کا پیغام ہے۔یہ درانداز ی آج سے نہیں بلکہ ایک عرصہ سے ہورہاہے ۔پاکستان ہمیشہ خطے میں قیام امن کے فروغ اور ہمسائیہ ممالک کوپیغام امن کی دعوت دینے میں پہل کرتارہاہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو این این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر چیف آف جھالاوان سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ پاکستان میں سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں ۔ اس مثالی قیادت کی وجہ سے آج ملک میں ہر سمت سکون وعافیت کا ماحول ہے اور ملک میں امن قائم ہوچکا ہے ۔ مستقبل و قریب میں قوم امن کے حوالے سے مذید تبدیلی انقلابی تبدیلی محسوس کریں گے ۔ ملکی معیشت بھی بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گوادر پورٹ و گوادر ٹو کاشغر روٹ اہل بلوچستان کی احساس محرومی کے خاتمہ کے لئے بہت بڑا بریک تھر و ثابت ہوگا۔ اس سے غربت اور پسماندگی کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ یہ بین الاقوامی شاہراہ بیسیمہ سوراب و خضدار سمیت ہمارے بہت سارے علاقوں سے ہو کر گزر جائیگی اس میں بلوچستان کا بہت بڑا و اکثریتی علاقہ آباد ہوگا ۔اورظاہرہے کہ ہماری آبادی بھی کیا ہے ۔؟ہماری آبادی بھی تھوڑی سی ہے۔اس بین الاقوامی شاہراہ کے مکمل ہونے سے دو لاکھ سے تین لاکھ تک بلوچستانی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار میسر آئیگا۔صوبے میں خوشحالی آئیگی ۔ بلوچستان کا معیشت استحکام پذیر ہوگا ۔گوادر کاشغر روٹ مکمل طور پر بلوچستان کے محور میں گھومے گی ایک سوال کے جواب میں نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ لوکل باڈیز کو اختیارات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ صوبائی حکومت میں شامل چار جماعتی اتحاد مل بیٹھ کر گفت و شنید کے بعد بلدیاتی اداروں کے جو اختیارات ہیں ان میں اضافہ کریگی ۔ عوام کے مسائل ان کے گھر کے دہلیز پر بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں ہماری اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ و دیگر اتحادیوں کی کوشش ہے کہ انہیں اتنا فنڈز ملے کہ وہ اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں ۔ ہم اس وقت بلدیاتی نمائندوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا احتجاج روک دیں ۔ اس حوالے سے وہ اپنے چیئرمینوں کا کمیٹی بنائیں۔ اور اپنی شکایات اور مطالبات کا ہم سے اظہار کردیں ہم نیک نیتی کے ساتھ ان کے مطالبات حل کرنے میں پیش رفت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے لئے جو آرڈیننس بنا ہے اسکا ہم نے مطالعہ کیا ہے جس میں بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات محدود ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو ان کی خواہش کے مطابق اختیارات دیں ۔اس مقصد کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔