دالبندین +کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں مسافر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایرانی ڈرائیور سمیت16افراد جاں بحق اور32زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔ زخمیوں میں بیشتر کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا جو ایران جانا چاہتے تھے۔
دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو زمین پر لٹاکر طبی امداد دی گئی۔لیویز کے مطابق منگل کی حادثہ کوئٹہ تفتان شاہراہ پر چاغی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دالبندین سے تقریباً10کلومیٹر دور لاغاپ کے مقام پر پیش آیا۔
ایران سے سیب لیکر کوئٹہ جانیوالا ٹریلر ٹریکٹر کو بچاتے ہوئے سامنے سے آنیوالی مسافر بس سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 42افراد زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو پرنس فہد ہسپتال پہنچایا گیا جہاں مزید پانچ زخمی دم توڑ گئے۔
ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو زمین پر لٹاکر طبی امداد دی گئی۔سہولیات اور عملے کی کمی کے باعث زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیویز کے مطابق حادثے کا شکار ہونیوالی ولی کمپنی کی مسافر بس کوئٹہ سے تفتان جارہی تھی جو حادثے میں بری طرح تباہ ہوگئی ۔ لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جاں بحق ہونیوالوں میں 10کی شناخت ہوگئی ۔ان میں جاں بحق ہونے والوں میں ٹریلر کا ایرانی ڈرائیوریعقوب ولد بشیر اللہ ریکی سکنہ زاہدان، دالبندین کی رہائشی تین چار خواتین و بچیاں بی بی حمیرا ، سعدیہ ، آسیہ بی بی ،نازیہ بی بی ، افغان مہاجر غلام محمد ولد شیر محمد، نوشکی احمد وال کا رہائشی نذیر احمد ولد کریم بخش، مستونگ کا رہائشی محمد طاہر ولد محمد یوسف ، خوشاب پنجاب کی رہائشی ثناء خاتون ، کوئٹہ کا رہائشی عبدالرزاق مینگل شامل ہے جبکہ ایک کمسن بچے کی شناخت نہ ہوسکی۔
ڈپٹی کمشنر چاغی شہیک بلوچ نے حادثے میں گیارہ افراد کے جاں بحق اور37زخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ32زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا گیا۔
زخمی میں سید نوید احمد سکنہ کراچی، محمد جاوید سکنہ سرگودھا، عطاء الرحمان سکنہ دالبندین، شاہ محمد سکنہ نوشکی، وٹان سکنہ مستونگ،محمد نظر سکنہ خوشاب پنجاب، شہزادی بی بی سکنہ خوشاب، زمرد سکنہ مظفر گڑھ ، عون محمد سکنہ سرگودھا، الطاف سکنہ پشاور، محمد جان سکنہ مردان، آصف نواز سکنہ دیر، برکت سکنہ چمن، فضل ملک سکنہ مردان، اسد یاسر سکنہ کباڑی مارکیٹ کوئٹہ، حافظ عبدالمالک سکنہ نوکنڈی، سعیدہ بی بی سکنہ کلی رسول بخش دالبندین، صائمہ بی بی سکنہ مستونگ، عبدالحکیم سکنہ سرگودھا، مقبول فاطمہ سکنہ سرگودھا، غلام صاقیہ سکنہ سرگودھا، امرین زہرا سکنہ سرگودھا، زین العابدین سکنہ سرگودھا، صدیق سکنہ خوشاب، عزیز سکنہ مردان، کاشف، نازیہ سکنہ دالبندین، احسان اللہ، اسد اللہ، خدیجہ، سمیرہ، محمد کریم، عبدالرحمان نوتیزئی سکنہ دالبندین، یار محمد نوتیزئی سکنہ دالبندین اور دو نامعلوم بچے شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شہیک بلوچ نے بتایا کہ 32زخمیوں میں سے5زخمی کوئٹہ لے جاتے ہوئے راستے میں نوشکی کے مقام پر دم توڑ گئے۔ اس طرح جاں بحق افراد کی تعداد16ہوگئی۔
چاغی مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم16افراد جاں بحق ، 32زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : October 25 – 2017