|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2017

کوئٹہ+قلات: بلوچستان کے ضلع قلات میں ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت سات افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

جاں بحق افراد میں پانچ کا تعلق کوئٹہ ، ایک قلات اور ایک کا تعلق مستونگ سے ہے۔ لیویز کے مطابق حادثہ اتوار کی شام کو کوئٹہ کراچی شاہراہ پر بینچہ کے قریب خیسندون کے مقام پر پیش آیا ۔

کوئٹہ سے کراچی جانے والی ٹوڈی کار اور سوراب سے قلات جانے والی ٹوڈی کار اوور ٹیکنگ کرتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئیں۔

حادثے کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں سوار سات افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

جاں بحق افراد کی شناخت تاج محمد بڑیچ ولد خدائے نذرسکنہ کوئٹہ، عبدالرشید ولد بابئی جان سکنہ مستونگ، محمد آصف ولد آغا محمدسکنہ کوئٹہ، عبدالغفار ولد معراج سکنہ کوئٹہ اورامیر حمزہ لانگو ولد محمد اکبرسکنہ سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ، محمد زبیر ولد محمد حسین سکنہ خالق آباداور زاہدہ بی بی زوجہ جان محمد بڑیچ سکنہ کوئٹہ چھاؤنی کے نام سے ہوئی ہے ۔

اول الذکر چار لاشوں کو سول ہسپتال قلات جبکہ باقی تین لاشوں کو سول ہسپتال سوراب سکندر آباد منتقل کیا گیا۔

زخمیوں میں خاتون رشیدہ زوجہ محمد ناصر بڑیچ سکنہ کوئٹہ اور محمد ابراہیم بڑیچ ولد خدائے نذر سکنہ کوئٹہ شامل ہیں جنہیں سول ہسپتال سوراب سکند رآباد میں طبی امداد دی گئی۔