|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2017

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جا ہ انصاری نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں کو جدید خطوط پر مشتمل تربیت فراہم کر کے موجودہ دہشت گردی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

جس طرح پاک فوج کی جانب سے پولیس اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے لیویز فورس کو تربیت فراہم کی گئی یہ ایک احسن اقدام ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔

پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں شہداء کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پولیس لائن کوئٹہ میں منعقدہ بڑے پولیس دربار سے اظہار خیال کر تے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ سی ٹی ڈی چوہدری منظور سرور،ڈسٹرکٹ پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری، آر آر جی ، ٹریفک پولیس ، سی ٹی ڈی ، اے ٹی ایف، سی آئی اے، اسپیشل برانچ ، کرائم برانچ ، ٹیلی سمیت 400 سے زائد اہلکار وں اور آفیسران نے پولیس دربار میں شرکت کی ۔

اس موقع پر آئی جی پولیس نے پولیس آفیسران اور اہلکاروں سے ان کی مشکلات کے حوالے سے دریافت کرنے کے بعد پولیس کے آفیسران اورنوجوانوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران شہریوں اور سائلین سے اپنے رویئے کو بہتر رکھنے کی تلقین کر تے ہوئے کہا ہے کہ پولیس عوام کی محافظ ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں پولیس کے جوان آفیسران اپنے عمل اور کردار سے تھانہ کلچر کو تبدیل کر کے لوگوں کو پولیس کے قریب لا سکتے ہیں ۔

جو ان کی غلط روش اور اقدامات سے دور ہے جب عوام پولیس کے ساتھ ہونگے تو پولیس دہشت گردی سمیت تمام جرائم پر قابو پانے میں اپنے مقصد میں عوام کے تعاون سے کامیاب ہو گی اور عوام کے تعاون سے ہی ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا کر بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں ۔

کیونکہ پولیس کا محکمہ ہی عوام کی جان ومال کے تحفظ اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے کے لئے بنا ہے اور یہ ذمہ داری ہم آخری دم تک نبھاتے رہیں گے ۔

جس طرح ہمارے آفیسران اور جوانوں نے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے شہادت کا رتبہ پایا ہے وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ہم شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچائینگے ۔

شہداء کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ انہیں کوئی پریشانی نہ ہو پولیس کی جوانوں کی تربیت کے حوالے سے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تاکہ دہشت گردی سے نمٹتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا سکیں۔