|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2017

لاہور/کوئٹہ:  وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سبی، ہرنائی، خوست سیکشن کو اگلے سال فروری کی وسط تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ سبی ہرنائی ریلوے اسٹیشنوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایاجائے ،ریلوے لائنوں کی معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیاجائیگا ۔

1884ء میں برطانوی دور میں بنائے گئے سبی ہرنائی ریل ٹریک کے 133کلومیٹر حصے پر بحالی کاکام کیاجارہاہے ۔انہوں نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ریلوے کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کے دوران ریلوے حکام کو حکم دیاکہ وہ 1884ء میں برطانوی دور میں بنائے گئے سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کے 133کلومیٹر حصے پر بحالی کاکام اگلے سال ماہ فروری کی وسط تک مکمل کرے وہ سبی ہرنائی خوست سیکشن کا جائزہ لینے کیلئے خود دورہ کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ 10سال قبل سبی اور خوست کے درمیان بنائے گئے 5بڑے اور 3چھوٹے پل تباہ کردئیے گئے تھے انہوں نے سبی اور ہرنائی ریلوے اسٹیشنوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہاکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیاجائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ کوہاٹ پنڈی ریل کار دسمبر کے پہلے ہفتے میں شروع کی جائے،کیونکہ کوہاٹ پنڈی ریل کار کی بحالی کی ہدایت سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کی تھی رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن پر بھی جاری کام فروری کی آخر تک مکمل کی جائے تاکہ تبلیغی جماعتوں کے اراکین کو یہ تحفہ دیاجاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ دین کی فروغ کیلئے سفر کرتے ہیں انہیں سفری سہولیات کی فراہمی اور ان کی خدمت سے ہمیں خوشی ہورہی ہے ،انہوں نے ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو میں ان علاقوں کی تاریخی اور ثقافتی ورثے کو مد نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی ،وفاقی وزیر ریلوے نے کلاس تھری اور کلاس فور کے رہائشی فلیٹس کی تعمیر پر بھی نوٹس طلب کی ،وفاقی وزیرریلوے کاکہناتھاکہ امن کی بحالی مسلم لیگ نون کی حکومت کا کریڈٹ ہے، امن انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ میں بھی کردارادا کر رہا ہے۔