کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ کو اکنامک زون کادرجہ دینے کافیصلہ کرتے ہوئے محکمہ صنعت کو مجوزہ اکنامک زون میں بنیادی ڈھانچہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو تمام سہولیات کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر میرسرفراز بگٹی، رکن صوبائی اسمبلی محمد خان لہڑی، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات ومنصوبہ بندی)، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری توانائی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ڈی جی انڈسٹریز، ڈی جی پی آر ودیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایک ہزار ایکڑ پر محیط انڈسٹریل زون میں سے دو سو ایکڑ رقبے پر بنیادی ڈھانچہ جلد مکمل کرلیا جائے گاجس میں اراضی کی ہمواری، بجلی، پانی کی دستیابی اور سڑکوں کی تعمیر جیسے اقدامات شامل ہوں گے جبکہ بقایا آٹھ سو ایکڑ اراضی پر بھی جلد بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرلیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک منصوبے کے تحت بوستان سمیت صوبے کے دیگر مجوزہ صنعتی زون میں بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ سی پیک کی صورت میں حاصل ترقی اور روزگار کے حاصل مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمہ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دے۔ اس حوالے سے حکومت مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی جبکہ انہوں نے ہدایت کی کہ اکنامک زون میں قائم تمام کمپنیوں کے صدر دفاتر بلوچستان میں قائم کرنے اور یہاں تیار کئے جانے والے صنعتی پیداوار کی ملکی اور بین الاقوامی ترسیل کو یقینی بنانے کی پالیسی وضع کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صنعتی ترقی کا فائد ہ اس وقت ممکن ہے جب صنعتوں میں بلوچستان کے خام مال کی کھپت اوریہاں کے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے اس امر کو افسوسناک قراردیا کہ بلوچستان میں سی پیک کے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں لہٰذامتعلقہ محکمے دن رات محنت کرکے سی پیک سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنا کر اس تاخیر کا ازالہ کریں۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ کو اکنامک زون کا درجہ دینے کا فیصلہ
![]()
وقتِ اشاعت : February 20 – 2018