|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

گوادر:  ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ گوادر کے زیرِ اہتمام منعقدہ کھلی کچہری میں عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی امور کا جامع جائزہ لیا گیا

کھلی کچہری میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوادر شے مختار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، ایکسین بی اینڈ آر مقصود بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر صابر بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) عبدالوہاب مجید، جی ڈی اے کے انجینیئر اکبر بلوچ، پی ایچ ای کے انجینئر سلمان بلوچ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوادر مکتوم موسیٰ، ایس ڈی او ایریگیشن وسیم بلوچ، ایس ڈی او کیسکو حسین بلوچ، ایس ایچ او پولیس گوادر شکیب ارسلان سمیت دیگر سول و عسکری افسران، بلدیاتی نمائندگان، میڈیا اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے بجلی، پینے کے پانی، تعلیم، ماہی گیری، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اپنی عوامی شکایات پیش کیں۔

ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے،

جبکہ دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اجلاس میں بلوچستان سوشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے جاری منصوبوں، ان کی بروقت تکمیل اور عوامی ضروریات کے مطابق نئے منصوبوں کی نشاندہی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبے پائیدار اور شفاف بنیادوں پر تشکیل دیے جائیں تاکہ عوام کو دیرپا اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔کھلی کچہری میں معذور افراد کے نمائندوں نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنانے اور مزید مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معذور افراد کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں 50 فیصد رعایت کے اقدام کو سراہا گیا اور اس کے مؤثر نفاذ پر زور دیا گیا۔شہریوں نے جی ڈی اے کے زیرِ التواء ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل، میرجت اور گبد میں سڑکوں کی مرمت، تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، اور سربندن میں زیرِ تعمیر لائبریری کو فوری فعال کرنے کے مطالبات پیش کیے۔

مزید برآں، کیا کلات میں پینے کے پانی کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا گیا، جس پر متعلقہ حکام نے اقدامات تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سوشل ایکٹیوسٹس نے زور دیا کہ BSDI جیسے اہم ترقیاتی پروگرامز کو مکمل شفافیت، جامع منصوبہ بندی اور عوامی ضروریات کے مطابق آگے بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوامی فائدہ حاصل ہو سکے۔

آخر میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے فوری حل، بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقیاتی عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر گوادر اور بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *