|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2018

کوئٹہ +سبی+ڈیرہ مراد جمالی+زیارت: بلوچستان کے نواحی علاقے کچلاک سے گلستان جانے والی باراتیوں کی گاڑی اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 3بچے جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے ہیں جبکہ سبی کے علاقے بختیارآباد میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے ہیں ،ڈیرہ مراد جمالی میں پانی کے تالاب میں ڈوب کر 12سالہ بچہ جاں بحق ہوگیاہے ،زیارت کے علاقے نانا صاحب زیارت کے علاقے کلی منزکی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک باراتی زخمی ہوگیاہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں کچلاک سے گلستان جانے والی باراتیوں کی گاڑی اور ٹرک میں یارو کے مقام پر تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2بچے ہارون اور باچاخان موقع پر جاں بحق جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا تاہم ایک اور بچہ ثناء اللہ بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔اس کے علاوہ سبی کے علاقے بختیارآباد میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے ہیں ،حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق جعفرآباد سے بتایاجارہاہے لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،دریں اثناء ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے منجھوشوریٰ میں 12سالہ بچہ عبدالرشید پانی کے تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کرجاں بحق ہوگئے جس کی لاش نکال کر ہسپتال منتقل کردی گئی ۔علاوہ ازیں نانا صاحب زیارت کے علاقے کلی منزکی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے باراتی نصراللہ سکنہ غریب آباد دکی زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیابعدازاں زخمی کو کوئٹہ ریفر کردیاگیامزیدکارروائی جاری ہے ۔