اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی پاکستان کے عوام کے لئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے صدر شی چن پنگ کا پاکستان اورچین کو آہنی بھائی قرار دینا ناقابل تردید حقیقت کا عکاس ہے۔
صدر شی ایک عظیم سیاستدان ہیں ، پاکستان کے عوام ان کی بہترین سیاست کاری کے بہت زیادہ مداح ہیں، پاکستان چین کی غربت کے خاتمے ، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی کے حوالے سے تجربات ،مہارتوں، ٹیکنالوجی اور اس شعبے میں بہترین سرگرمیوں کے تبادلے سے استفادہ کر نے کا خواہشمند ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے جبکہ چینی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی نے تمام علاقائی اور عالمی فورمز پرغربت کے خاتمے کے ایجنڈا سے نمٹنے ، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی سمیت تمام معاملات پر پاکستان کو چین کی ہر قسم کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔
سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا ایک فلیگ شپ پروجیکٹ ہے جس کا ایک نیا پاکستان بنانے میں انتہائی اہم کردار ہو گا ۔وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو یہاں وزیر اعظم آفس میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی سانگ تاؤ کا استقبال کیا اور ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی پاکستان کے عوام کے لئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے ۔
صدر شی چن پنگ کی طرف سے اس دوستی کو آہنی دوستی قرار دینا ناقابل تردید حقیقت کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی ایک عظیم سیاستدان ہیں جس کے پاکستان کے عوام بہت زیادہ مداح ہیں ۔
پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان بڑھتے تعلقات کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے نظریات اور وفود کے تبالوں کے ذریعے ان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ۔
اپنے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس دورہ کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار سٹرٹیجک متعاون شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا ۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان چین کی غربت کے خاتمے ، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی کے حوالے سے مہارتوں، ٹیکنالوجی اور اس شعبے میں بہترین سرگرمیوں کے تبادلے سے استفادہ کرنا چاہے گا ۔
چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو ، پاکستان کی چین کو برآمدات کے امکانات کے حوالے سے دونوں اطراف کو ایک موقع فراہم کرے گی ۔ چینی وزیر سانگ تاؤ نے پاک چین تعلقات سے چین کے عوام اور قیادت کی طرف سے منسلک اہمیت کو اجاگر کیا ۔
انہوں نے تمام علاقائی اور عالمی امور،غربت کے خاتمے کے ایجنڈا سے نمٹنے ، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی سمیت تمام معاملات پر پاکستان کو چین کی ہر قسم کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان وفود کے تبادلوں سے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے خیالات کے تبادلوں اور مشترکہ ترقی میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک فلیگ شپ پروجیکٹ قرار دیا اور کہا کہ اس کا ایک نیا پاکستان بنانے میں انتہائی اہم کردار ہو گا ۔