|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2018

کوئٹہ : صوبائی وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بلوچستان میں مزید سرمایہ کاری کیلئے صوبائی حکومت چین سے بات کریگی ۔بلوچستان میں مالی بحران سے نمٹ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونین کی تقرریوں سے متعلق کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ 

کوئی خوش فہمی میں نہ رہے کہ قدوس بزنجو اورسردار سرفراز ڈومکی ہم سے دور چلے جائیں گے ۔ بلوچستان میں ہزاروں ایکٹر بنجر زمینوں کو آباد کرنے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور ورلڈ بینک سے قرضہ لیں گے ۔ گوادر میں پانی کے مسئلہ کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدمات اٹھائے گئے ہیں محکمہ صحت میں 17 سے 19 گریڈ تک کے افسران کے تبادلوں کا اختیار سیکرٹری صحت کو تفویض کردیا ہے ۔

بلوچستان سے کرپشن کا خاتمہ، تعلیم ، صحت کے شعبوں میں ترقی امن کا قیام ، ٹیکس کی وصولی، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران، میر عارف جان محمد حسنی اور میر سلیم کھوسہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلہ کئے گئے ہیں ۔

بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک سے قرضہ لیکر 120 ایکڑ زرعی زمین کو آباد کیا جائیگا جس سے مولہ، ژوب اور قلعہ سیف اللہ سمیت خضدار بیلہ کے علاقوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ کابینہ کے اجاس نے بلوچستان بینک کے قیام کی منظوری دی ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ 23 سالوں سے تعطل کا شکار تربت بلیدی روڈ کا کام شروع کردیا گیا ہے جسے آئندہ ڈیڑہ سالوں میں مکمل کرلیا جائیگا ۔

کابینہ نے دیامر اور بھاشا ڈیم میں ٹیکس کولیکشن کیلئے ٹیکس سے استثنیٰ قرار دینے کی منظوری دی ہے ۔ فاطمہ جناح چسٹ ہسپتال کو خودمختیار بنایا جائیگا محکمہ صحت میں 17 سے 19 گریڈ تک کے افسران کے تبادلوں کا اختیار صوبائی سیکرٹری صحت کو تفویض کردیاہے ۔ 

بلوچستان میں مائنز ویلفیئر فنڈز قائم کرکے کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مائنز مالکان کو کان کنوں کو تربیت فراہم کرنے کا پابند بنایا جائیگا گوادر پسنی جیونی میں پانی کے بحران کے خاتمے کیلئے پالیسی بنائی گئی ہے جس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔

ظہور بلیدی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت کی توجہ صوبے میں گڈ گورننس کے قیام پر ہے ۔ گزشتہ دور حکومتوں میں ہونے والی تعیناتیوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے شکایتی سیل قائم کردی ہے جو سمجھتا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے وہ شکایات سیل میں اپنی شکایت درج کرائے حکومت اس پر کارروائی کریگی ۔ 

بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے ہم نہیں چاہتے کہ کسی کو بے روزگار کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ نہیں کٹ رہا نئے این ایف سی ایوارڈ میں وفاق سے مزید رقم کا مطالبہ کرینگے ۔ 

بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت چار حصوں میں پیسہ مل رہا ہے جن میں 80فیصد رقم آبادی، 10 فیصد غربت و پسماندگی اور پانچ فیصد ریونیو جنریشن کو مدنظر رکھ کر دی جارہی ہے ۔ اٹھارویں این ایف سی ایوارڈ میں گوادر میں سی پیک کے تحت چلنے والے منصوبوں کی مد میں وفاق سے بلوچستان کا حصہ بڑھانے کا مطالبہ کرینگے ۔وزیراعظم نے فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل اہم منصوبوں کو ختم نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مچھلیاں ایکسپورٹ کرنے کیلئے گوادرمیں ایکسپورٹ پراسسنگ زون تعمیر کرانے اور ذراعت سے متعلق مقامی پروڈکٹس کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ سابق دور حکومتوں میں سی پیک سے متعلق بلوچستان کی نمائندگی درست نہیں ہوئی موجودہ حکومت بلوچستان کے اہم منصوبوں میں سی پیک کے تحت مزید سرمایہ کاری کیلئے خود چین سے بات کریگی ، ژوب خضدار، کوئٹہ ، تربت میں انڈسٹریل زون قائم کئے جائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بہتر انداز میں حکومت چلارہے ہیں ہمارا یہاں خود کا احتساب کیلئے پیش کرنا اس بات کا ثبوت ہے ۔ تین ماہ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے تین مرتبہ گوادر کا دورہ کیاہے جو سیاسی جماعت ایکسپریس وے پر بیانات دے رہی ہے ہم نے مچھیروں کے تحفظات دورکرکے جے ڈی اے کو انکے معاملات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ قدوس بزنجو اور سردار سرفراز ڈومکی ہمارے ساتھ ہیں کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہ یکہ وہ اہم سے دور چلے جائیں گے ۔چینی قونصل خانہ پر حملہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے ۔

سرکاری محکموں میں تعینات جونیئر افسران کو کلیدی عہدوں سے ہٹانے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیروں کی تعیناتیوں سے متعلق کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے