کوئٹہ +دیرہ اللہ یار: بلوچستان کے ضلع کچھی کے پہاڑی سلسلے میں مقدس مقامات کی زیارت کیلئے جانیوالے ڈیڑھ سو سے زائد ہندو یاتری سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے مذہبی امور رکن صوبائی اسمبلی دھنیش کمار کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ڈیڑھ سے زائد یاتری دو روز قبل بیساکھی کے تہوار کے موقع پر ہری سر دیوتا کے مندر کی زیارت کیلئے گئے تھے۔ یہ مقام جھل مگسی ، قلات اور کچھی کے سنگم پر واقع ہے اور ہندو یاتری شوران سے تقریباً سات گھنٹے اونٹوں کا سفر طے کرکے یہاں پہنچنے تھے۔
شدید بارشوں کے بعد پہاڑ ی ندی میں طغیانی کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور ہندو یاتریوں سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا۔ ان کے ورثاء شدید پریشان تھے تاہم آج کافی کوششوں کے بعد ان سے رابطہ ہونے کے بعد یاتریوں کا سراغ مل گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سلطان احمد بگٹی کا کہنا ہے کہ سکلیجی ندی میں پانی کا بہاؤ کافی زیادہ ہے اور آج ہونیوالی مزید بارشوں کے بعد پانی کا بہاؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہم نے مقامی گائیڈ کو اس علاقے میں بھیجا جہاں انہوں نے یاتریوں کو ڈھونڈ لیا۔ سیلابی میں بہنے سے دو یاتری زخمی ہوگئے تھے تاہم انہیں بچالیا گیا۔ اس کے علاوہ یاترویوں کے تین سے چار اونٹ اور راشن بھی ریلے میں بہہ گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یاتری تھک گئے تھے اس لئے وہ آج رات وہی گزاریں گے اور کل صبح انہیں گائیڈ کی مدد سے شوران لایا جائیگا۔
اس علاقے تک گاڑیوں کا راستہ ممکن نہیں اس لئے یاتریوں کو پیدل ہی آنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر دھنیش کمار کا کہنا ہے کہ یاتریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے حکومت ہرممکن وسائل استعمال کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ریسکیو کیلئے ہیلی کاپٹر بھیجنے کی ہدایت کی تھی تاہم موسم کی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر نہیں بھیجا جاسکا۔ اب اتوار کی صبح سات بجے ہیلی کاپٹر بھیجا جائیگا،دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ضلع کچھی میں ہندو یاتریوں کے سیلابی ریلے میں پھنس جانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر نصیرآباد ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کچھی کو فوری طور پر ہندو برادری سے رابطہ کرکے واقعہ کی معلومات کے حصول کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایف سی، لیویز اور پی ڈی ایم اے پر مشتمل امدادی ٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پر مذکورہ مقا م کی جانب روانہ کرکے ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ کو پاک فوج سے رابطہ کرکے ہیلی کاپٹر سپورٹ کے حصول کے ساتھ ساتھ حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کو بھی ریسکیو آٖپریشن کے لئے استعمال کرنے اور پھنسے لوگوں کی جان بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
کچھی ،150سے زائد ہندو یاتری سیلابی ریلے میں پھنس گئے،وزیر اعلیٰ کا فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت
![]()
وقتِ اشاعت : April 14 – 2019