|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2019

کوئٹہ : پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین ورکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو نے کہا ہے کہ حکمران حکومت کو سوشل میڈیا کے ذریعے چلارہے ہیں اپوزیشن کی حلقوں میں غیر منتخب لوگوں کو نوازنے کے بجائے اپنے حکومتی معاملات کو بہتر انداز میں چلائیں عوام کو موجودہ پیراشوٹ حکومت سے نجات دلانے کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر صوبائی حکومت کا خاتمہ کرنے کیلئے تیارہیں۔

حکمران جماعت میں وزراء کے درمیان اختلافات سب کے سامنے عیاں ہیں وہ اپنی شرمندگی اور ناکامی کو چھپانے کیلئے بے وجہ اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہر دور میں غریب اور مظلوم اقوام کی نمائندگی کرتے ہوئے بلوچستان کے ساحل وسائل کی حفاظت کیلئے ہر فورم پر کلیدی کردارادا کیا ہے جس کا واضح مثال پارٹی قائد سرداراختر جان مینگل کی وفاق میں وزارتوں کو ترجیح دینے کے بجائے صوبے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آزاد بینچوں پر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص یا جماعت الیکشن وزارت حاصل کر کے مراعات حاصل کرنے کیلئے لڑتے ہیں لیکن بلوچستان نیشنل پارٹی وہ واحد قومی جماعت ہے جس نے مراعات پر غریب عوام کو ترجیح دی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت میں دراڑیں پیدا ہوگئے اب حکومت بچانے کیلئے صوبائی وزراء اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اپوزیشن حلقوں کو مکمل نظر انداز کیاگیا ہے۔

سریاب اور گوادر میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شرو ع نہیں کیا ہے یہ صرف اور صرف عوام کو جھوٹ کے ذریعے گمراہ کررہے ہیں حکومت چلانے کیلئے سیاسی ویژن ہونا چاہیے مگر موجودہ حکمران صرف اور صرف اخباری بیانات کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں موجودہ حکومت زیادہ دیر تک نہیں چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء اب اپنی پارٹی کے اختلافات اور حکومت کی کارکردگی کو چھپانے کیلئے اپوزیشن کو ٹارگٹ بنارہے ہیں موجودہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوچکی ہے اب ان کی کوئی کارکردگی نہیں ہے صوبائی وزراء اپنے آپ کو خوش رکھنے کیلئے ہر روز میڈیا کے ذریعے عوام کوگمراہ کررہے ہیں مگر عوام کو موجودہ حکومت کی کارکردگی سے اچھی طرح واقف ہے صوبائی وزراء خود عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے تمام حلقوں کو نظر انداز کیاگیا ہے سریاب اور گوادر میں اربوں روپے ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے جوباتیں کررہے ہیں وہ بالکل من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن حلقوں میں ایک طرف فنڈ کم دیا گیا ہے دوسری طرف غیر منتخب کردہ لوگوں کو اپوزیشن حلقوں پر مسلط کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنااحتجاج جاری رکھیں گے کیونکہ حکومت میں دراڑیں پیدا ہوگئے اب حکومت زیادہ دیر تک نہیں چلے گی کیونکہ اب خود ان کے لوگ وزیراعلیٰ اور حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔