|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2020

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ورکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ،مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ،مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری،سابق ضلعی صدر میر غلام رسول مینگل،پارٹی رہنماء وسابق چیئرمین یونین کونسل شادینزئی میر قاسم پرکانی،ضلعی کونسلران محمد اسحاق بنگلزئی،لیاقت کیازئی اورفدا احمد مری نے گزشتہ دنوں کلی نیو بلوچ آباد مشرقی بائی میں غلام رسول بنگلزئی،دو معصوم بچوں اوراہلیہ اور کلی تختانی میں نوجوان ظہور احمد مری کے گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے وفات پر مرحومین کے گھروں پر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کااظہار اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی ان حادثات میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہیں،انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے نااہل،عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں آئے روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ایسے حادثات رونما ہوتے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہے جو اس بات کی غمازی کررہاہے کہ انتظامیہ کو یہاں کے لوگوں کی قیمتی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے نتیجے میں ایسے انسانیت سوز واقعات کا رونما ہونا قابل افسوس ہے،انہوں نے کہاکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ انتظامیہ کوئٹہ کی اس شدید سردی کومدنظررکھتے ہوئے جوکہ اس وقت منفی10سے منفی 12چل رہاہے ایسے حالات میں گیس پریشر کو مکمل بحال کرتے اور لوڈشیڈنگ سے گریز کرتے لیکن کمپنی کو اپنے مفادات لوگوں کے قیمتی جانوں سے زیادہ عزیز ہیں،بلوچستان سے نکلنے والے قدرتی دولت سوئی سدرن گیس یہاں کے لوگوں کیلئے زاحمت کا سبب بن رہاہے بلوچستان کی گیس سے ملک کے کونے کونے کے لوگ مستفید ہورہے ہیں لیکن بلوچستان دیگر اضلاع میں تو گیس موجود ہی نہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت میں نہ ہونے کے برابر ہے،کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ جاری وساری ہے۔

انتظامیہ اور حکمرانوں کی توجہ بارہا اس اہم مسئلے کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن انہوں مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے یہ کہاں کاانصاف ہے کہ یہاں کے لوگ شدید سردی سے کانپ رہے ہیں اور صوبے کی گیس سے دیگر صوبوں کی فیکٹریاں اور انڈسٹریل زونز چل رہے ہیں،انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیاہے کہ کوئٹہ،زیارت،قلات،مستونگ،پشین میں فوری طورپر گیس کی پریشر کو بحال کیاجائے اور کم پریشر کے باعث رونما ہونے والے حادثات سے جاں بحق ہونے والوں کیلئے معاوضے کااعلان کیاجائے۔