|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2020

کرکوک: عراق کے جنوبی علاقے میں واقع فوجی اڈے پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے جہاں امریکی فوج بھی مقیم تھے۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے صوبے کرکوک میں ایک فوجی اڈے K-1 پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے، اس فوجی اڈے پر امریکی فوجی بھی تعینات تھے۔ حملے سے فوجی اڈے کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

راکٹ حملے کے فوری بعد امریکی فضائیہ نے ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوجی اڈے کے گرد چکر لگانا شروع کردیئے۔ تاحال کسی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم اس فوجی اڈے پر گزشتہ برس دسمبر میں بھی حملہ کیا گیا تھا جس کی ذمہ داری امریکا نے ایرانی تنظیم کتائب حزب اللہ پرعائد کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے چہلم والے روز کیا گیا ہے۔ ایران کی قدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو رواں برس 3 جنوری کو امریکا نے بغداد ایئرپورٹ پر راکٹ حملے میں ہلاک کردیا تھا جس کے جواب میں ایران نے بھی عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا۔