|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2020

پاکستان میں عید الفطر کی نماز روایتی انداز میں ادا کی گئی

زیادہ تر مقامات پر سماجی دوریوں کے ضوابط کی خلاف ورزی

 

پاکستان بھر میں ماہِ رمضان کے ختم ہونے پر آج عید الفطر کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر کی مساجد، عید گاہوں اور میدانوں میں نمازِ عید روایتی انداز میں ادا کی گئی۔

زیادہ تر مقامات پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سماجی دوری کے ضوابط کی پاسداری دیکھنے میں نہیں آئی اور عوام بڑی تعداد میں ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہو کر عید کی نماز ادا کرتے ہوئے نظر آئے۔

عید گاہوں سے موصول ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی افراد نے ماسک بھی نہیں پہن رکھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ رات پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ (کورونا وائرس کا) مرض ہمارے درمیان موجود ہے چنانچہ نماز عید سیمت پوری چھٹیوں کے دوران سماجی فاصلوں کا بطور خاص اہتمام کیا جائے۔