|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں عیدالاضحی اور محرم الحرام کی ایس او پیز، سیکیورٹی، صفائی دیگرمتعلقہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے، صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، میر ظہور احمد بلیدی، نور محمد دمڑ، پارلیمانی سیکریٹری بشریٰ رند، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ طارق مینگل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

جبکہ ڈویژنل کمشنرز بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کو اے سی ایس داخلہ حافظ عبدالباسط نے سیکیورٹی، عید کے اجتماعات کے انعقادکے اقدامات اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں 189 عیدگاہوں میں نماز عید ادا ہوگی اس حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد، اقدامات، انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے مربوط اور موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

جبکہ تمام کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سرکاری سطح پر قائم 74مویشی منڈیوں میں کورونا وائرس کی روک تھام، صفائی اور کانگو وائرس کے تدارک کا اہتمام کیا گیا ہے، محکمہ لائیواسٹاک کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مویشی منڈیوں میں سپرے ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جبکہ مختلف انٹری پوائنٹس اور مویشی منڈیوں میں سپرے کئے جارہے ہیں۔

اجلاس کو محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے دی جانے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مویشی منڈیوں میں صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیم سمیت موبائل ٹیمیں پوری طرح سے فعال ہیں، اجلاس میں ڈویژنل کمشنروں، کیو ایم سی اور میونسپل اداروں کو عید اور بعد از عید صفائی اور قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں عید کے دوران صوبہ بھر میں تفریحی مقامات اور پارکس کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جبکہ عید کے موقع پر بازاروں اور مارکیٹوں کو صبح نو بجے سے رات 12بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے پیش نظر عوام عید سادگی سے مناتے ہوئے اجتماعات سے گریز کریں اور زیادہ وقت گھروں میں گزاریں، انہوں نے کہا کہ گو کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے۔

لیکن اس حوالے سے کوئی بھی بے احتیاطی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر عید اور محرم الحرام میں احتیاطی تدابیر پر پوری طرح سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تو بلوچستان سے کورونا وائرس کی وباء کو ختم کرنا آسان ہوگا، ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر اور محرم الحرام کے دوران میونسپل سروسز اور ہیلتھ سروسز پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ڈویژنل کمشنرز مون سون سیزن کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کریں،وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو اچھا کام کرے گا اسے یقینا سراہا بھی جائے گا،انہوں نے کہا کہ صوبے کی آبادی اور یہاں چیلنجز کے دیگر صوبوں سے مختلف ہیں جن کے حل کے لئے ترجیحی اقدامات کی زیادہ ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ حکومتی وژن اور عید اور محرم الحرام میں عوام کی سہولت کے لئے حکومتی اقدامات کو موثر طور سے اجاگر کرنے کے لئے محکمے کی ٹیموں کو مزید فعال کیا جائے۔