|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی تاریخ شہداء کے خون سے عبارت ہے جنہوں نے وطن کے دفاع اور قیام امن کے لیے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کر کے خود کو امر کر لیا یوم شہداء پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

آج کا دن نہ صرف تجدید عہد کا دن ہے بلکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن بھی ہے جنہوں نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنے پیاروں کی جدائی کو برداشت کیا انہوں نے کہا کہ تمام پولیس اہلکاروں جنہوں نے عوام کے جان ومال کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا وہ خراج تحسین اور خراج عقیدت کے مستحق ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی اور انہی قربانیوں کی بدولت صوبے میں پائدار امن وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔