پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ عاشور (10 محرم الحرام) انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں جس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کررہے ہیں۔
جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں جبکہ متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند کی گئی ہیں اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہیں۔
کراچی میں 10 محرم الحرام عاشورہ کی مرکزی مجلس عزا نشتر پارک میں صبح 8 بجے منعقد ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔
مجلس کے اختتام کے بعد جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ نماز ظہرین مرکزی جلوس ایک بجے تبت سینٹر پر مولانا علی افضال کی زیر اقتدا ادا کی جائے گی۔
بعدازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں نمائش چورنگی، سی بریز، امپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاوس،خوجا مسجد کھارا در سے ہوتا ہوا حسینہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔