|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2020

نوشکی: آل پارٹیز و زمیندار ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام دیہی علاقوں میں بجلی کی 20 گھنٹہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی ریلی و پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ریلی سجاد ہوٹل سے شروع ہوکر مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب نوشکی پہنچی،ریلی میں شریک مظاہرین نے واپڈا حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

پریس کلب نوشکی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے زمیندار ایکشن کمیٹی کے ضلعی صدر میر محمد اعظم ماندائی،بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی،جمعیت علماء اسلام کے ضلعی رہنماء حاجی منظور احمد مینگل،نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء فاروق بلوچ،جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مفتی فدا الرحمان ریکی،رخشان فورم کے سربراہ کامریڈ جمیل بلوچ،حافظ عبداللہ گورگیج دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ واپڈا نے دیہی فیڈرز کے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے بلاوجہ بجلی لوڈشیڈنگ میں خودساختہ اضافہ کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ دورانیہ 20 گھنٹے کردیا ہے۔

20 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے جبکہ زراعت بھی شدید متاثر ہورہی ہے ضلع کے عوام باقاعدگی سے واپڈا کے بجلی واجبات ہمیشہ ادا کررہے ہیں مگر اس سب کے باوجود ضلع کے دیہی عوام کے ساتھ واپڈا مظالم مکمل ناانصافی اور ناقابل برداشت ہے دیہی علاقے کربلا کا منظر پیش کررہا ہے واپڈا کے یزیدی لشکر نے دیہی علاقوں کو کربلا بناکر رکھ دیا ہے۔

عوام کو پینے کا پانی تک میسر نہیں ہے۔ہمیشہ ہر سال واپڈا نے باقاعدہ وطیرہ بناکر ضلع کے عوام کو بلاجواز تنگ کرنا شروع کردیا ہے دیہی فیڈرز میں تاریکی کا راج ہے اور زرعی فصلات بری طرح تباہی سے دوچار ہورہے ہیں اور واپڈا ٹس سے مس نہیں ہورہی انہوں نے کہاکہ ضلع کے لوگوں کا دار و مدار زراعت سے منسلک ہے زراعت کو پہلے ٹڈی دل نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا کر زمینداروں کو نان شبینہ کا محتاج بناکر رکھ دیا۔

اب زمینداروں نے قرضیں لیکر فصلوں کی بوائی کا سلسلہ شروع کردیا ہے تو واپڈا نے ایک مرتبہ پھر من مانیوں کا سلسلہ شروع کرکے لوڈشیڈنگ میں 20 گھنٹہ کی اضافہ کرکے زمینداروں کی معاشی قتل عام پر اتر آئی ہے انہوں نے کہاکہ ضلع کے زمینداروں نے اپنے بجلی واجبات 100 فیصد تک جمع کیا ہے مگر ان سب کے باوجود بجلی دورانیہ میں اضافہ نہ کرنا ناانصافی ہے۔

زمیندار و سیاسی رہنماوں نے کہاکہ اگر واپڈا نے فوری طور پر ضلع کے دیہی علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ میں فوری کمی نہ کی تو ضلع کے تمام دیہی فیڈرز کے عوام سڑکوں پر نکل کر قومی شاہراہ کو جگہ جگہ غیر معینہ مدت تک بند کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا پر عائد ہوگی۔انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ واپڈا کے مظالم کے خلاف قومی اسمبلی،سینیٹ، اور صوبائی اسمبلی میں واپڈا کے ظلم و زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔یا پھر عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر اپنا حق نمائندگی ادا کریں۔