|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2020

کوئٹہ: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن اور خوشحالی جمہوریت اور جمہوری اقدار سے وابستگی کے ساتھ منسلک ہے،پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی اور استحکا م اہمیت کے حامل ہیں پاک فوج سمیت تمام شراکت دار بلوچستان کے لوگوں کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں،بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے اور انتشار پیدا کرنے کے لئے دشمن عناصر کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے منگل کوکوئٹہ میں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے تبادلہ خیال کیا۔نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کا مقصد شرکاء کو قومی سلامتی کے اہم امور کے بارے میں آگاہی دینا،بروقت فیصلہ سازی، قومی سلامتی کے انتظامی نظام اور قومی طاقت سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی اور استحکا م اہمیت کے حامل ہیں پاک فوج سمیت تمام شراکت دار بلوچستان کے لوگوں کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں،آرمی چیف نے پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں پر باڑ لگانے کی اہمیت سمیت صوبے بھر میں تعینات سکیورٹی آپریٹس کے متعلق شرکاء کا آگاہ کرتے ہوئے کہا۔

کہ کوئٹہ سیف سٹی منصوبے جیسے اقدامات کی تکمیل سے بلوچستان کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں دہشت گردی کو ہوا دینے اور انتشار پیدا کرنے کے لئے دشمن عناصر کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کا امن اور خوشحالی جمہوریت اور جمہوری اقدار سے وابستگی کے ساتھ منسلک ہے۔

بعدازاں آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹیکس کا دورہ کیا جہاں انہیں نافذ کردہ نئے تربیتی ماڈیولز اور آن لائن امتحانات نظام کے بارے میں بریفننگ دی گئی انہیں ٹریننگ میں شامل کردہ جدید تکنیک اور نظام کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔

اس موقع پر انفنٹری اسکول کے طلباء اور استاتذہ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے انہیں جدید جنگی پیش رفت کے ساتھ چلنے پر تاکیدکی اور نوجوان افسران اور جوانوں کو مستقبل میں چیلنجوں کا مناسب طور پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنے میں ایس آئی اینڈ ٹی کے اساتذہ اور عملہ کی محنت اور لگن کی تعریف کی۔قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔