|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ جام کمال کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے اس مقصد کیلئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بے شمار اقدامات کر رہا ہے، کاروبار میں آسانی کیلئے سیل (Ease of Diong business Cell) کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے۔

جس کے ذریعے کاروباری طبقے کو ایک چھت تلے تمام سہولیات اور معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرمایہ کاری پالیسی مرتب کی گئی ہے جو صوبے میں سرمایہ کاری کو نئی جہت دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا، سے صوبے میں صنعتی و تجارتی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا، کاروباری افراد ان مواقع سے فائدہ اٹھا کر اپنے کاروبار کو بلوچستان تک وسعت دے سکتے ہیں۔

ایز آف ڈوئنگ بزنس سیل کے ذریعے بزنس کی آن لائن رجسٹریشن سمیت ٹیکسوں کی ادائیگی، این او سی،لینڈ لیز اور مختلف محکموں سے دستاویزات کا حصول اب ون ونڈو آپریشن کے تحت مہینوں کی بجائے دنوں میں ممکن ہوگا، اسکے علاوہ بلوچستان انویسٹمنٹ گائیڈ اوربلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں،بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اب تبدیل ہو چکا ہے یہاں کی پوشیدہ معدنی دولت سے پہلی بار بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے،صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع دنیا کے سامنے اجاگر کئے جا رہے ہیں، سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، انہیں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے نام سے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جس کے پاس سرمایہ کاروں کے تمام سوالات کا جواب موجود ہے اور ہر طرح کی رکاوٹوں کو دور کر کے کاروبار دوست ماحول فراہم کیا گیا ہے۔