|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدراور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاہے کہ مملکت خداداد پاکستان کونان کیڈر سیاستدانوں، کرپشن ولوٹ مار اور ذاتی مفادات تک محدود رہنے والوں نے نقصان پہنچایاہے یہ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک کہ محب وطن، مخلص اور ایماندار قیادت آگے نہیں آتی، پاکستان آج قائم ودائم ہے۔

تو پاک فوج اور اداروں کے کندھوں پر ہے بینک بیلنس بنانے والے کرپٹ اور نان کیڈرسیاستدانوں نے تو اس ملک اور عوام کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کرنے والے مختلف وفودسے گفتگوکرتے ہوئے کہی، سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ ہمارے ملک میں یہ بدقسمتی رہی ہے کہ ان لوگوں کو اہمیت دی جاتی ہے۔

جوکہ چرب زبان رکھتے ہیں اور ذاتی مفادکو مد نظررکھ کر سیاسی میدان میں جگہ بناتے ہیں ملک کی سلامتی وبقاء اورترقی کو بالائے طاق رکھ کر بینک بیلنس بنانے کیلئے اپنی ذات اور خاندان تک محدود ہوجاتے ہیں ملک کیلئے نہیں سوچتے جس سے ملک کا سیاسی ماحول بھی پراگنداہوتاجارہاہے، انہوں نے مزید کہاکہ ماضی میں بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی کرنسی پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈاؤن رہی لیکن آج ان ممالک کی کرنسی ہماری کرنسی کے مقابلے میں آگے نکل چکی ہے۔

جسکی ذمہ داری ہمارے کرپٹ اور نان کیڈر نااہل سیاستدانوں اور ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے محب وطن، ایماندارمخلص اور ملک کیلئے سوچنے والے لوگوں کو گھروں تک محدود کردیا جہاں وہ اس ملک کی بقاء وسلامتی کیلئے آج بھی دعائیں کرتے ہوئے اللہ اللہ کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ میں پاک فوج اور اداروں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ ایسے عناصر جوکہ اس ملک کے ساتھ مخلص نہیں ذاتی مفادات کو اہمیت دیکر کرپشن کو دوام دے رہے ہیں۔

اور دونوں ہاتھوں سے اسی ملک کو لوٹ رہے ہیں ان کی بیخ کنی کریں اور مخلص وایماندار اور محب وطن قیادت کو آگے لائیں ورنہ یہ ملک ترقی وخوشحالی کے لحاظ سے ایک انچ آگے نہیں بڑھ سکتا۔

پاکستان کے 22کروڑعوام کی آخری امیدیں پاک افواج اور ان اداروں پر لگی ہوئی ہیں کیونکہ اب ملک کو صحیح سمت اور ترقی وخوشحالی کی راہ پر پاک فوج اور یہ ادارے ہی گامزن کر سکتے ہیں کیونکہ ان اداروں نے ملک کی سلامتی وبقاء کی قسم کھارکھی ہے مملکت خدادادپاکستان آج انہی کی بدولت قائم ودائم ہے۔