|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2021

نوشکی: ایف سی کے زیراہتمام ہیڈکواٹر نوشکی امن مشاورتی جرگہ منعقدہوا جس میں ضلعی آفیسران، سیاسی،سماجی اور قبائلی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔امن مشاورتی جرگہ سے ڈپٹی کمشنرجمیل احمد بلوچ، کمانڈنٹ کرنل محمدآصف، ڈی پی او سید جاوید غرشین، سردار آصف شیر جمالدینی، میرخورشید جمالدینی، سرداررسول خان ڈائیزئی مینگل، حافظ عبداللہ گورگیج، حاجی عبدالسلام ماندائی، ربنوازشاہ، ظہور احمد بادینی ودیگر نے خطاب نے کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کاقیام نہ صرف سیکورٹی فورسز بلکہ تمام طبقہ فکرسے تعلق رکھنے والے افرادکے مفادمیں ہے۔

علاقائی امن وامان کی بہتری کے لئے ہم سب کوایک پیج پر آنا ہوگا اورمن وامان کی صورتحال کوبگاڑنے والوں کیخلاف لڑناہوگا۔ سیکورٹی فورسز کیساتھ عوام جرائم پیشہ افرادکے سرکوبی کے لئے مجرموں کی نشاندہی کرانے میں تعاون کریں تاکہ بروقت جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ریاست اورعوام کے مابین ایک معاہدہ ہوتا ہے۔

امن و امان کی بہتری سیکورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے فرائض منصبی میں آتا ہے، احتجاج کے نام پرشاہراہوں کوبندکرنے کی اجازت ہم کسی صورت میں نہیں دے سکتے، ایف سی علاقے میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے لئے تعنیات کی گئی ہے۔انھوں نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں سے جرائم پیشہ گروہ متحرک ہوچکے ہیں اور یکے بعد دیگرے ڈکیتی کے واردات سامنے آرہی ہیں۔

جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،انہوں نے کہا کہ بہت جلد جرائم میں ملوث افراد کوقانون کی گرفت میں لائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں امن وامان کی بہتری ہم سب کے مفادمیں ہیں،پولیس کاایریا زیادہ ہے جبکہ نفری کی کمی ہے حکام بالا کے منظوری سے بہت جلد احمدوال،قادرآباد میں پولیس تھانے قائم کرکے نفری بھی بھرتی کرینگے۔