|

وقتِ اشاعت :   April 24 – 2021

اسلام آباد: وفاقی درالحکومت اسلام آباد میں این سی او سی کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا ، اسلام آباد شہر میں پاک فوج نے ذمہ دار سنبھال لی اور انتظامیہ کے ہمراہ پاک فوج کے جوانوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے خلا ف باقاعدہ ایکشن لینا شروع کردیا اور اسلام آباد شہر میں وفاقی پولیس کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا ۔

واضع رہے اس قبل وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کے ہمراہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں،عوام میں نہ خوف ہے اور نہ احتیاط کررہے ہیں ، وباء کا پھیلائو تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کررہے ہیں۔

تاہم ہم دیکھ رہے ہیں کہ عوام میں نہ خوف ہے اور نہ احتیاط کررہے ہیں اس لیے وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ویکسین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ویکسین کے حصول کی پوری کوشش کررہے ہیں، پہلے بین الاقوامی سطح پر بھارت سے ویکسین دیے جانے کا فیصلہ ہوا تھا جہاں دنیا کے دوسرے نمبر پر ویکسینز بنتی ہیں تاہم انہوں نے 2، 3 ممالک کو دی اور اب اتنے برے حالات ہیں کہ وہ اب کسی کو نہیں دے رہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ہم نے چین سے ویکسین مانگی ہے لیکن وہاں بھی طلب بہت زیادہ ہے باقی دنیا میں ہر جگہ ویکسین کی کمی ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ویکسین آ بھی جائے تو اس کا اثر ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگے گا، اگر ہم آج سے ٹیکے لگانے شروع کریں تو کیسز کے نیچے آنے میں وقت لگے گا لیکن سب سے زیادہ فرق ایس او پیز سے پڑے گا۔ انہوںنے کہاکہ جب تک قوم مل کر اس وبا کا مقابلہ نہیں کرے گی۔

ہم اس سے نہیں جیت سکتے، گزشتہ برس جس طرح لوگوں نے ایس او پیز پر عمل کیا اس میں اور آج کے وقت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ لہر کے دوران شاید ہی کوئی ایس او پیز پر عمل کررہا ہے لہٰذا اب ہم سختی کریں گے اور اْمید ہے کہ عوام ایس او پیز پر عمل کریں گے تو سب سے خوفناک چیز یعنی شہروں کا لاک ڈاؤن نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے حالات دیکھیں کہ وہاں کس طرح آکسیجن کی کمی ہے، ہسپتال بھرے ہوئے ہیں کئی مریض ہسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے میری اپیل ہے کہ اگر ہم نے احتیاط نہیں کی تو زیادہ سے زیادہ ہفتے، 2 ہفتوں میں ہمارے بھی بھارت جیسے حالات ہوجائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ اس وقت ہمارے ہسپتالوں میں بھارت والے حالات اس لیے نہیں ہوئے کہ کیوں کہ ہم نے گزشتہ برس ہسپتالوں کی گنجائش میں اضافہ کردیا تھا، اگر گزشتہ سال والی گنجائش ہوتی تو آج پاکستان میں بھی بھارت والے حالات ہوتے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جس طرح کورونا وائرس کے کسیز میں جس طرح تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

اس کو دیکھتے ہوئے میری اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں، ہم بار بار ایس او پیز کا کہتے ہیں پر لوگ اس پر توجہ نہیں دیتے لیکن صرف ماسک لگانے سے ہمارا 50 فیصد مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ آج سے عید تک عوام ایس او پیز پر عمل کرلیں تو شاید ہمیں وہ اقدامات نہیں اٹھانے پڑیں گے جو بھارت کو کرنا پڑا یعنی شہروں کا لاک ڈاؤن کرنا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کا تجربہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں سب سے کمزور اور غریب طبقہ پس جاتا ہے مجھے لوگ آج بھی کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن کردو تاہم ہم دیہاڑی دار طبقے کے لیے اس فیصلے سے رکے ہوئے ہیں لیکن کب تک رکے رہیں گے یہ آپ پر منحصر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مساجد میں ایس او پیز پر عمل ہوا اور ہماری مساجد سے کورونا نہیں پھیلا ۔