|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2021

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہرنائی زلزلے کے 8 زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ پہنچایا گیا، ہرنائی میں ہنگامی بنیادوں پر امداد اور متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ایک بیان میں جام کمال خان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں طبی امداد کیلئے ایمبولینسز اور ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا رہا ہے، پی ڈی ایم اے، محکمہ روڈ، صحت، انتظامیہ و دیگر ادارے متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے اقدامات کر رہی ہے، آزمائش اور مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ کوئٹہ، سبی، ہرنائی سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں رات گئے شدید زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، ہرنائی اور شاہرگ میں 70 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا، آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔