|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2021

سعودی عرب اور بحرین نے لبنان کے سفیروں کو فوری طور سے ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 29 اکتوبرکو لبنان کے سفیر کو ملک بدر کرنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے لبنان سے تمام تر درآمد کی جانے والی اشیا پر بھی مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی بحرین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ بحرین کی مملکت نے بھی اسی وجہ سے لبنان کے سفیر کو دو دن کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

بحرین کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں لبنانی حکام کی طرف سے جاری کردہ ناقابل قبول اور جارحانہ بیانات کے ایک سلسلے کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ لبنانی وزیر اطلاعات و نشریات نے سعودی قیادت میں جاری یمن جنگ پر تنقید کی تھی، جس کے بعد یہ سخت قدم اٹھایا گيا۔